احمد پور شرقیہ:(دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم و سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے ملک میں سیاسی یکجہتی کا ماحول ہونا چاہیے۔
جنوبی پنجاب کے نواحی علاقہ کوٹلہ موسیٰ خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا، مسلح افواج نے جواب دے کر برتری حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح پاک بھارت جنگ میں پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، اسی طرح ملک میں سیاسی یکجہتی کا ماحول ہونا چاہیے۔
سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ میں اصولوں کی سیاست کرتا ہوں، میاں نواز شریف سے دیرینہ تعلق رہا ہے،انہوں نے سیاست کے عروج پر ووٹ کو عزت دو والا بیانیہ چھوڑ دیا۔
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ کسان اور زراعت کی ترقی کے بغیر کوئی ملک معاشی ترقی نہیں کرسکتا، 2200 روپے فی من گندم میں کاشتکار کے اخراجات پورے نہیں ہورہے ، اگلی فصل کیسے کاشت کرے گا۔