اسلام آباد:(دنیا نیوز) سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کو وسیع ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، اس میں اسٹیبلشمنٹ اورعدلیہ کو شامل کیا جائے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’ ٹو نائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت کوتحریک انصاف کو احتجاج کی اجازت دینی چاہیے، تحریک کے ذریعے بانی پی ٹی آئی جیل سے رہا نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف رول آف لا کی بات کرے، رول آف لا کےذریعے ہی عمران خان رہا ہوں گے، اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قانون کی حکمرانی کا فقدان ہے، لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دینا حکومت کی ناکامی ہے جب کہ ہماری جماعت کو پی ٹی آئی کےاحتجاج میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
سربراہ عوام پاکستان پارٹی کا تجویز دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کی مقتدرہ سے بات میری سمجھ سے باہر ہیں،آج ملک کووسیع ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، وسیع ڈائیلاگ میں اسٹیبلشمنٹ اورعدلیہ بھی ہو، میری نظرمیں ملک نہیں چل رہا،حکمران کرسی کوچھوڑکرملک کی ترقی کا راستہ ڈھونڈیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جوچینی ڈیلیورنہیں کرسکتے وہ کیا ڈیلیورکریں گے، تحریک کا مقصد آئین ہونا چاہیے، کسی شخص کے لیے ریلیف نہیں، حکومت کےپاس بھی مذاکرات کرنے کا اختیار نہیں، نظام جیسا بھی ہے تحریک انصاف اس کے اندر ہی رہے، پی ٹی آئی اگر اسمبلیاں چھوڑتی ہے تو پھرحکومت بھی چھوڑ دے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شوگرملزمالکان کی لسٹ منگوائی جائے،شوگر ملز کے 90 فیصد مالکان سیاست دان اور تعلق ہر جماعت سے ہے، چینی کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا ایشو ہے۔