خیبرپختونخوا : سکیورٹی فورسز کی 3 کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 9خوارج جہنم واصل

Published On 25 May,2025 08:03 pm

راولپنڈی :(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی 3 کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 9 خوارج ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر پہلی کارروائی ڈی آئی خان میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں چار بھارتی سپانسرڈ کو ہلاک کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ٹانک میں سکیورٹی فورسز کی دوسری کارروائی میں 2 خوارج اپنے انجام کو پہنچے جبکہ خیبر کے علاقے باغ میں تیسرے آپریشن کے دوران 3 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرپسندوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ بارود برآمد ہوا ہے، فتنہ الخوارج کے ہلاک دہشت گرد مختلف حملوں میں ملوث تھے، آپریشنز کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔