راولپنڈی: (دنیا نیوز) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان، بھارت افغانستان کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے، افغان بھائی دہشت گردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دیں اور بھارت کے آلہ کار بھی نہ بنیں۔
خیبرپختونخوا کی جامعات کے 2500 سے زائد طلبہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی، ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور ملی نغموں کی گونج نے فضا کو جذبہ حب الوطنی سے بھر دیا، ”پاکستان ہمیشہ زندہ باد“ اور ”پاک فوج زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان“ جیسے فلک شگاف نعروں نے ماحول کو گرما دیا۔
نشست کے دوران پختون طلبہ نے اپنے جوش و جذبے کا اظہار کرتے ہوئے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے سوچا کہ حملے کریں گے اور پاکستان جواب نہیں دے گا، آپ نے دیکھا آپ سب کس طرح اپنے ملک کے پیچھے کھڑے ہوئے، اپنے ملک کے پیچھے پورا پاکستان کھڑا ہوا، اللہ کے حکم سے یہ آہنی دیوار کھڑی ہوئی، آہنی دیوار نے وہ تمام غلط حکمت عملی جو بھارت، مودی نے کی تھی، اس کو غلط ثابت کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں کفر اورحق آپس میں اکٹھے نہیں ہوسکتے، لوگ سمجھتے تھے فوج اور عوام ایک دوسرے سے دور ہیں، ہرگز نہیں قوم اور فوج ہمیشہ ایک ساتھ تھے اور رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 6 اور7 مئی کو جن ہوائی اڈوں سے بھارتی طیارے اڑے ان کو تباہ کیا، کیا آپ کی فوج نے کسی ایک سویلین انفراسٹرکچر، کسی ایک سول آبادی کو نشانہ بنایا؟ نہیں، ہم امن پسند ہیں، امن کو ترجیح دیتے ہیں، ہمارا پہلا انتخاب امن ہے، اگر بھارت نے دوبارہ یہ حماقت کی تو ہمارا جواب اس سے بھی شدید ہوگا، اس خطے اور پاکستان میں جتنی دہشت گردی ہوتی ہے اس کے پیچھے بھارت کا چہرہ ہے، بلوچستان میں ہر شہادت کے پیچھے بھارت ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ آپ کی عسکری قیادت نے فیصلہ کیا کہ ہندوستان کی 26 جگہوں پر ان کو جواب دیا جائے گا، مظفرآباد میں سات سالہ ارتضیٰ جس بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کے حکم پر شیلنگ سے شہید ہوا ہم نے اس پورے بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کو تباہ کر دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ افغان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے، پختون افغانی آپ کا بھائی ہے، مسئلہ ان کی اشرافیہ ہے، بھارت افغانستان کی اشرافیہ کو پیسہ دیتا اور خریدتا ہے، بھارت افغانستان کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے، افغان بھائیوں سے کہتے ہیں دہشت گردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دو اور بھارت کے آلہ کار نہ بنو، آپ اس بھارت سے مدد مانگتے ہو جو کشمیر کی بچیوں کی عزت پامال کرتے ہیں۔
تقریب میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ’’ کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کا فلک شگاف نعرہ بھی لگایا۔