اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے فلائٹ 544 کی ہائی جیکنگ کو لے کر سنسنی خیز انکشافات سامنے آ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارت طویل عرصے سے پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دینے کیلئے اپنی پراکسیز کا استعمال کرتا آیا ہے، مئی 1998 میں اس نے پاکستان کے جوہری پروگرام کو روکنے کیلئے دہشتگردوں کو استعمال کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ 25 مئی 1998 کو بھارت نے پی آئی اے فلائٹ 544 کو دہشتگردوں کے ذریعے ہائی جیک کروایا، فلائٹ ہائی جیکنگ کا مقصد پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کو روکنا تھا، دہشتگردوں نے بلوچستان کے نام پر بھارت کا ایجنڈا پھیلانے کی کوشش کی، درحقیقت بھارت نے ان دہشت گردوں کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا۔
دہشتگردوں نے بھارت کے اشارے پر جہاز ہائی جیک کیا تھا، لیکن پاکستانی افسران نے حیدرآباد ایئرپورٹ پر بھارتی منصوبہ ناکام بنا دیا تھا۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت ہمیشہ سے پاکستان کی سلامتی کا دشمن رہا ہے مگر پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، بھارت آج بھی اپنی سپانسرڈ پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے، جعفر ایکسپریس سے لیکر خضدار سکول بس حملے تک بھارت کا مکروہ ہاتھ شامل ہے۔