لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش امکان ہے۔
پنجاب میں گزشتہ روز تیز ہواؤں اور بارش کے باعث موسم پھر خوشگوار ہوگیا، شہریوں نے گرمی کی شدت کم ہونے پر سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں آج بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ پارہ 38 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے، مری، گلیات، ڈی جی خان، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، دیر، سوات، مالاکنڈ اور کرم میں تیز ہواؤں کیساتھ بادل برسیں گے۔