اسلام آباد، لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف مقامات پر آج بھی آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب، بلوچستان اور کشمیر میں آج بھی آندھی اور بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
گوجرانوالہ، جہلم، میانوالی، اوکاڑہ، قصور، گجرات اور سیالکوٹ میں مزید بادل برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ژوب، بارکھان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بٹگرام اور دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، ہوا کے کم دباؤ اور نمی سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اور طوفان سے نقصانات ہوئے، مختلف حادثات میں 14 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، کئی شہروں میں درخت گرنے سے گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔