لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر شدید گرمی کی لپیٹ میں آ چکا ہے اور پارہ 43 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر کے دوران سورج کی تپش اس قدر بڑھ گئی ہے کہ سڑکیں تپنے لگی ہیں اور گرم ہواؤں سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ دوپہر کے وقت لاہور میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس سے موسم مزید خشک اور ہو سکتا ہے۔
آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، اگلے 2 سے 3 روز تک موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے اور بارش کے کوئی امکانات موجود نہیں۔
شدید گرمی کے سبب شہریوں کے روزمرہ معمولات متاثر ہو رہے ہیں، بازاروں اور گلیوں میں رش کم جبکہ ٹھنڈے مشروبات اور پانی کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
دکانداروں کے مطابق گرمی کے باعث مشروبات اور آئس کریم کی فروخت میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرمی سے بچنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں، دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپیں اور بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر بزرگ افراد، بچے اور بیمار افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔