شدید گرمی کی لہر مزید 3 روز رہنے کا امکان، اسلام آباد میں بارش کی پیشگوئی

Published On 17 May,2025 06:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، ملک کے بیشتر علاقے 2 سے 3 روز کے دوران شدید گرمی کی لہر کے زیراثر رہیں گے۔

رپورٹ کے مطابق وسطی، بالائی پنجاب، اسلام آباد میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہے گا، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی دن کا درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں کل دن کے اوقات میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ شام یا رات کو مطلع جزوی ابر آلود رہنے، تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔