لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے نے درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ ویو بارے الرٹ جاری کر دیا جبکہ محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقے 4 روز شدید گرمی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 24 مئی کے دوران سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران وسطی، بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 05 سے 07 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
علاوہ ازیں ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ محکمے متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر الرٹ رہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گرمی کی لہر کے باعث میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہوا اور آندھی کے امکانات بھی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، انتظامیہ عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ہسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک سے متعلق ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا، دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں۔
عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا ہے کہ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، سر ڈھانپ کر رکھیں، بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھیں جبکہ غیر ضروری سفر سے بھی گریز کریں۔