یوم تکبیر: پاکستان کا نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے عزم کا اعادہ

Published On 28 May,2025 07:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) یوم تکبیر پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

پی اے ای سی اعلامیہ کے مطابق 28 مئی پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کی خوشی منانے کا دن ہے، صحت، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں قائم 20 کینسر ہسپتال تشخیص و علاج کی جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں، پاکستان کے تقریباً 80 فیصد کینسر کے مریض ان ہسپتالوں سے مستفید ہوتے ہیں۔

پی اے ای سی اعلامیہ کے مطابق 6 جوہری پاور پلانٹس سے 3530 میگا واٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا کی جا رہی ہے، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ-1 نے 400 دنوں تک مسلسل بجلی پیدا کر کے قومی ریکارڈ قائم کیا۔

زیر تعمیر چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ-5 تکمیل کے بعد 1,200 میگاواٹ بجلی پیدا کرےگا، 4 زرعی مراکز فصلوں کی 159 خصوصی اقسام کے ذریعے غذائی تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں، نیوکلیئر انسٹیٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی فیصل آباد قدرتی رنگین کپاس تیار کر رہا ہے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ یہ ادارہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے معاون مرکز کے طور پر بھی پہچان حاصل کر چکا ہے، پیاس یونیورسٹی اور دیگر تدریسی ادارے بین الاقوامی معیار کی تعلیم دے رہے ہیں۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے پر امن استعمال سے پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔