اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ سپریم کورٹ میں قانون و انصاف کمیشن پاکستان کے 44 ویں اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیہ کے مطاب لا اینڈ جسٹس کمیشن پاکستان کا اجلاس چیف جسٹس پاکستان یحییٰ افریدی کی زیر صدارت ہوا، چیف جسٹس نے کمیشن کی تشکیل میں اہم تبدیلیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ماضی میں کمیشن کے غیر سرکاری ارکان اعلیٰ عدلیہ کے ریٹائرڈ ججز ہوتے تھے، اب وکلا برادری کے غیر سرکاری نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، چیف جسٹس نے کمیشن کو فعال بنانے کیلئے باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا۔
اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے قانونی اصلاحاتی تجاویز طلب کرنے، تحقیقی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت، مرحلہ وار اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا، چیف جسٹس نے تحقیقی ٹیم کے ساتھ ریسرچ ایسوسی ایٹس کی شمولیت کی تجویز بھی دی۔
اجلاس میں ایڈووکیٹ خواجہ حارث احمد، فضل الحق عباسی، کامران مرتضیٰ نے شرکت کی، محمد منیر پراچہ، احمد فاروق خٹک نے بھی اجلاس میں شرکت کی، اجلاس کا مقصد قوانین کے جائزے کے لیے ایک مؤثر طریقہ کار تیار کرنا تھا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران ایک ایڈوائزری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی، کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری وزارت قانون و انصاف کریں گے، کمیٹی میں خواجہ حارث احمد، محمد منیر پراچہ اور کامران مرتضیٰ شامل ہوں گے۔
کمیٹی ایک ماہ کے اندر قوانین کے جائزے کے کلیدی شعبوں کی نشاندہی کرے گی، عوامی رائے اور سٹیک ہولڈرز کی شمولیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔