پاکستان میں دہشتگردی کا پشت پناہ بھارت، جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے: فیلڈ مارشل

Published On 30 May,2025 09:40 pm

لاہور: (د نیا نیوز) چیف آٖف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا بھارت کی آبی دہشتگردی ناقابل قبول اور غیر قانونی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج، کوئٹہ کا دورہ کیا، اپنے دورے کے دوران انہوں نے سٹوڈنٹس، افسروں اور فیکلٹی ارکان سے خطاب کیا،شہدائے "بنیان مرصوص" کو خراج عقیدت اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ان کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کی کامیابی قومی عزم اور یکجہتی کا ثبوت ہے، بھارت کی جارحیت پسندی خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے،پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے، بھارت کی آبی دہشتگردی ناقابل قبول اور غیرقانونی ہے، مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل خطے کے امن کے لیے ضروری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی بھارتی ریاست کر رہی ہے، دہشتگردی کے خلاف قومی جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، مستقبل کی جنگ کے تقاضے جدید سوچ اور جدت کے طلبگار ہیں۔

آخر میں انہوں نے نوجوان افسران کو جذبے، تحقیق اور عزم سے قیادت کی تیاری کی ہدایت کی اور کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔