بھارتی فضائیہ اندرونی طور پر ناکامیوں، تکنیکی خرابیوں اور غیر پیشہ ورانہ تربیت کا شکار

Published On 31 May,2025 04:56 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) بھارتی فضائیہ کو تربیتی اور آپریشنل شعبوں میں شرمناک ناکامی کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ اندرونی طور پر ناکامیوں، تکنیکی خرابیوں اور غیر پیشہ ورانہ تربیت کا شکار ہے، گزشتہ دو سالوں کے دوران بھارتی فضائیہ متعدد حادثات کا شکار ہوئی، 2 اپریل 2025 کو جام نگر کے قریب بھارتی فضائیہ کا جگوار لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوا جس کے نتیجے میں پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا تھا۔

اسی طرح 7 مارچ 2025 کو بھارتی فضائیہ کو ایک ہی دن میں دو بڑے حادثات کا سامنا ہوا، نومبر 2024 میں آگرہ کے قریب مگ 29 تربیتی پرواز کے دوران فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا، اکتوبر 2024 میں اے ایل ایچ ہیلی کاپٹر انجن فیل ہونے کے باعث بہار میں حادثے کا شکار ہونے پر ہنگامی لینڈنگ کی گئی جس سے طیارے کو شدید نقصان پہنچا۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ جون 2024 میں ناسک، مہاراشٹرا میں بھارتی فضائیہ کا سخوئی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو گیا تھا، 3 اپریل 2024 کو لداخ میں آپریشنل تربیتی مشن کے دوران بھارتی فضائیہ کے اپاچی ہیلی کاپٹر کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

12 مارچ 2024 کو بھارتی فضائیہ کا لائٹ کامبیٹ ایئرکرافٹ راجستھان کے علاقے میں تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا، 13 فروری 2024 کو بھارتی فضائیہ کا ہاک ایم کے-132 تربیتی طیارہ مغربی بنگال میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جبکہ 6اور 7مئی کو ہونے والے معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے 6 طیارے مار گرائے جن میں 3 جدید رافیل بھی شامل ہیں۔

رپورٹس میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ بھارتی فضائیہ کے طیارروں کا اس طرح تباہ ہونا ان کی عسکری حکمت عملی پر اہم سوالات اٹھا رہا ہے، تربیتی حادثات کے ساتھ ساتھ بھارتی فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت کی خامیاں بھی ظاہر ہو گئی ، بھارتی فضائیہ تربیت اور آپریشنل سطح میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی۔