بھارت کی پراکسی جنگ اب ڈھکی چھپی نہیں رہی: فیلڈ مارشل عاصم منیر

Published On 01 June,2025 04:57 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) فیلڈ مارشل سید جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بھارت کی پراکسی جنگ اب ڈھکی چھپی نہیں رہی، یہ ہماری قوم، ترقی اورامن کے خلاف کھلی دہشتگردی ہے۔

کوئٹہ میں جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جو بھی دشمن ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے گا اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، قوم اور بہادر بلوچ عوام کی غیر متزلزل حمایت سے پاک فوج اندرونی ہو یا بیرونی ہر دشمن کو کچل دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بھارتی مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں، دشمن کے ناپاک عزائم ہر صورت ناکام بنائیں گے، پاک فوج ہر خطرے سے نمٹنے کیلیے مکمل طور پر تیار ہے، بلوچستان کے امن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، پاکستان کا مستقبل بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی سے جڑا ہے۔

دورہ کوئٹہ کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہادری اور قربانیوں کی ستائش کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور مددگاروں کو معاف نہیں کیا جائے گا، انہوں نے شہدا کے خاندانوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر رابطے اور شمولیت ضروری ہے تاکہ دہشتگردوں کو کوئی حمایت نہ ملے، دیرپا امن کیلیے دہشتگردی کے خلاف کوششوں کی کامیابی ناگزیر ہے، امن دشمنوں کو پاکستان میں کوئی جگہ نہیں ملے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت، افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام دہشتگردی کے خلاف متحد ہیں، ہمارا پیغام واضح ہے کہ انسداد دہشتگردی کی قومی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، بلوچستان میں حکومت کی ترقیاتی اسکیموں کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہیئں۔

انہوں نے بلوچستان کے عوام کی قومی یکجہتی کیلیے قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام بھارت کے حمایت یافتہ تخریب کاروں کے خلاف ہوشیار رہیں۔

جرگے میں قبائلی عمائدین نے حکومت اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کیلیے اپنا کردار ادا کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔