ماسکو: (دنیا نیوز) بھارت کو سفارتی سطح پر بے نقاب کرنے کا مشن، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے دورہ روس کے دوران روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ملاقات کی۔
طارق فاطمی نے صدر پیوٹن کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کا خط بھی پہنچایا، طارق فاطمی نے روسی وزیر خارجہ کو وزیر اعظم کی نیک خواہشات سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران طارق فاطمی نے روسی وزیر خارجہ کو دوطرفہ تعاون کو وسیع کرنے کے عزم سے آگاہ کیا، ملاقات میں توانائی، روابط، تجارت پر بات چیت ہوئی۔
روسی وزیر خارجہ کو جنوبی ایشیا کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا، طارق فاطمی نے روسی وزیر خارجہ کو پاکستان کا نقطہ نظر بھی پیش کیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ پانی کا بہاؤ کم کرنے اور سندھ معاہدے کی معطلی سے کشیدگی بڑھے گی۔
روسی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا، سرگئی لاروف نے نیو سٹیل ملز کے قیام سمیت دیگر اہم منصوبوں پر خصوصی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ انسداد دہشتگری میں مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے، روس ایس سی او کے فریم ورک کے اندر مختلف شعبے میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔