نیویارک :(دنیا نیوز) پاکستان کے سفارتی وفد کی اقوام متحدہ میں فرانس کے مستقل مندوب سے ملاقات کی اور بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا گیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا فرانسیسی مندوب کو بھارتی یکطرفہ اقدامات اور بعد کی خطرناک سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر عائد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی شہریوں پر یکطرفہ فوجی حملے کیے گئے، سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کی مذمت کرتے ہیں، بھارت کی مسلسل جارحانہ روش کی بھی مذمت کی، بھارتی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بھارتی اشتعال انگیزی کے باوجود پاکستان کا مؤقف عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں پر مبنی ہے، بھارت خطے میں یکطرفہ حملوں کو نارمل بنانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارتی اقدامات سے ایٹمی خطے جیسے جنوبی ایشیا میں نہایت سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سب سے زیادہ دہشتگرد حملے پاکستان میں ہو رہے ہیں، پاکستان خود دہشتگردی کا سب سے بڑا شکار ہے، پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لئے مکمل طور پر پُرعزم ہے، کشمیر کا مسئلہ پُرامن طور حل اقوام متحدہ کی متفقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کمشیر کا حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے، فرانس جنگ بندی کے تسلسل سندھ طاس معاہدے کی بحالی اور پاکستان و بھارت کے درمیان جامع مذاکرات کے آغاز کے لیے کردار ادا کرے۔
اس موقع فرانس کے مستقل مندوب نے خطے میں امن و استحکام کے لیے فرانس کی حمایت کا یقین دلایا جبکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ مکالمے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے مکالمے اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا۔