نیویارک:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تنازع کشمیرکا کوئی فوجی حل نہیں،مذاکرات ہی واحد راستہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کااقوام متحدہ میں پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ بھارت کے 6طیارےگرانا بھی پاکستان کی طرف سےتحمل کا مظاہرہ تھا، ہم بھارت کے 20طیارے بھی گرا سکتے تھے، پاکستان نےعالمی میڈیا کےسامنے تمام حقائق رکھے، بھارت دنیا سےحقائق چھپاتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ تنازع کشمیرکا کوئی فوجی حل نہیں، مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں، ہم نےدہشت گردی کےخلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی، دہشت گردی کو سیاسی ہتھیار کے طورپراستعمال نہیں ہونا چاہیے، بھارت نےجارحیت کرتے ہوئے آبی ذخائر کو نشانہ بنایا، خطےمیں کشیدگی کی بنیادی وجہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا حل نہ ہونا ہے، عالمی برادری بھارت کی جارحیت کا نوٹس لے۔
یہ بھی پڑھیں:فرانس سندھ طاس معاہدے کی بحالی کیلئے کردار ادا کرے: بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پانی کوبطورہتھیاراستعمال نہیں کرنےدیں گے، کوئی مہذب ملک پانی کی بندش کی حمایت نہیں کرسکتا، دنیا سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کسی کی لائف لائن کاٹ دی جائے تو کیا ردعمل ہوگا؟ اس حوالےسےعالمی برادری کوکردارادا کرنا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت اسرائیل کی طرح عالمی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت نے پاکستان پر حملے کے لیے اسرائیلی ڈرونز کا استعمال کیا، نریندرمودی نیتن یاہوکی کاپی ہے، ان کی پالیسیاں بھارت میں انتہا پسندی کو ہوا دے رہی ہیں، مودی کے پاس دو ہی راستے ہیں، امن یا تباہی، پاکستان امن کا خواہاں ہے، بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام بھی پاکستان کےساتھ امن کےخواہاں ہیں، بھارت مسلسل پاکستان مخالف بیانات دے رہا ہے، پہلگام حملےکی پاکستان نے بھارت کو شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے پاکستان کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کومسترد کیا، بھارت نے پاکستان پر حملوں میں شہری آبادی، مساجد کونشانہ بنایا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف بےشمار قربانیاں دیں، ہمارا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرملک ہے، میری والدہ شہید بےنظیر بھٹو نے دہشت گردی کے ہاتھوں اپنی جان گنوائی۔