اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے سپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر اپنے خلاف دائر ریفرنس اور سپیکر کے فیصلے کی تفصیلات مانگ لیں۔
عمر ایوب نے خط میں کہا ہے کہ ریفرنس کی قانونی و آئینی بنیاد، مصدقہ نقل اور کارروائی کا ریکارڈ فراہم کریں، الزام، نااہلی کے ریفرنس پر آئینی نکات، آرٹیکل 62، 63 کے تحت ریفرنس کی قانونی توجیہ فراہم کریں۔
انہوں نے سپیکر سے ریفرنس کی مکمل مصدقہ کاپی اور شواہد مہیا کرنے کا مطالبہ بھی کیا، خط میں ریفرنس پر فیصلے کے دوران کی اندرونی کارروائی اور فائل نوٹنگز بھی مانگی گئی ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ نوٹسز اور وضاحت کا موقع فراہم کرنے کی تفصیل فراہم کی جائے، خط میں عمر ایوب کی طرف سے تیسرے فریق کی درخواستوں کی بنیاد پر ریفرنس پر وضاحت مانگی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 63(2) کے تحت سپیکر کی صوابدیدی نظیریں بھی دی جائیں، قانونی عمل، شفافیت اور منصفانہ کارروائی کیلئے تفصیلات فراہم کی جائیں، انہوں نے پارلیمانی وقار اور جمہوری اعتماد کی بنیاد پر ریکارڈ فوری فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ بابر نواز نے عمر ایوب کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا، سپیکر قومی اسمبلی نے ریفرنس مزید کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا تھا۔