وزیراعظم سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں کیلئے 20 ارب مانگ لئے

Published On 04 June,2025 09:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق اور جاوید حنیف شریک تھے، ایم کیو ایم نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے وفاق سے 20 ارب روپے مانگ لئے، حیدرآباد کے ترقیاتی بجٹ کیلئے 10 ارب روپے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں کراچی کے شہریوں کیلئے پانی سپلائی کے اہم منصوبے  کے فور  کی جلد از جلد تکمیل کا مطالبہ کیا گیا، شہر میں ٹرانسپورٹ سسٹم کیلئے گرین لائن منصوبے کی مد میں فوری اقدامات کی بھی مانگ کر دی گئی۔

ایم کیو ایم کے مطالبات پر وزیر اعظم شہباز شریف نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔

ایم کیو ایم وفد کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد کے مکین بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، کوئی پرسانِ حال نہیں، شہری مسائل کے حل کیلئے متحدہ قومی موومنٹ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

وفد نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز متحدہ ارکان اسمبلی کے ذریعے خرچ کئے جائیں گے، وزیر اعظم کی خصوصی توجہ سے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔