بھارت نے پانی کو ہتھیار بنا کر پوری دنیا کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا: بلاول بھٹو

Published On 05 June,2025 09:22 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت نے پانی کو ہتھیار بنا کر پوری دنیا کے مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا۔

پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے اراکین سے ملاقات ہوئی، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پاکستان کے پارلیمانی سفارتی وفد کے اراکین بھی موجود تھے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ری پبلکن پارٹی کے جیک برگ مین اور ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹام سوازی ودیگر سے ملاقات کی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کے اراکین کے سامنے بھارتی آبی جارحیت کا مقدمہ پیش کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت تنازع کے دوران مثبت کردار ادا کیا، اگر بھارتی حکومت کی اشتعال انگیزی کو نہ روکا گیا تو خطے کا امن خطرے میں پڑجائے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بغیر ثبوت الزام لگا کر حملہ کرنے کی بھارتی روش نریندر مودی کے جنگی جنون کا مظہر ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر بھارت کسی صورت امن کی بات کرنے کو تیار نہیں۔

ملاقات میں دونوں اطراف سے خطے میں پائیدار امن اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، کانگریس اراکین نے پاکستان کے مؤقف کو سنا اور باہمی روابط کو فروغ دینے پر آمادگی ظاہر کی۔