لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے نظر بندی کے قانون سیکشن 3 کی معطلی کے خلاف دائر درخواست پر نیا لارجر بنچ تشکیل دے دیا۔
پانچ رکنی لارجر بنچ 19 جون کو کیس کی سماعت کرے گا، لارجر بنچ کی سربراہی خود چیف جسٹس مس عالیہ نیلم کریں گی جبکہ بنچ میں جسٹس چودھری اقبال، جسٹس شہرام سرور چودھری، جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس امجد رفیق بھی شامل ہوں گے۔
قبل ازیں جسٹس خالد اسحاق کی معذرت کے باعث سابقہ لارجر بنچ تحلیل ہو گیا تھا، اس سے پہلے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے نظر بندی کے قانون (سیکشن 3) کو معطل کیا تھا جسے پنجاب حکومت نے چیلنج کر رکھا ہے۔
عدالت نے تمام فریقین کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر دلائل کے لیے طلب کر لیا اور یہ کیس بنیادی حقوق اور حکومتی اختیارات کے درمیان توازن کے حوالے سے ایک اہم قانونی پیشرفت تصور کیا جا رہا ہے۔