پاکستان نے ہمیشہ امن کو جنگ پر فوقیت دی ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

Published On 19 June,2025 02:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ بنیان المرصوص میں کامیابی، امن کی جیت ہے اور پاکستان نے ہمیشہ امن کو جنگ پر فوقیت دی ہے۔

سیلانی آئی ٹی پروگرام کراچی کے طلباء کے ساتھ ڈی جی آئی ایس پی آر کی خصوصی نشست ہوئی طلباء کی جانب سے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پُرجوش استقبال کیا گیا۔

طلباء نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے پاکستان کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورتحال سمیت مختلف موضوعات پر سوالات کئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ آپ لوگوں نے معلومات کی جنگ میں پاکستان کے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، پاکستان کی افواج منظم اور پیشہ ور افواج ہیں، جو آئین کے تحت اور ریاستی احکامات کے مطابق اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہی ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

طلباء کا کہنا تھا کہ اپنے وطن کی حفاظت کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، چاہے ہمیں کسی بھی محاذ پر پاک فوج کا ساتھ دینا پڑے، پاک افواج ہماری پہچان ہیں اور ہم عوام ہی ان کی اصل طاقت ہیں۔

طلباء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ نشست کو سراہا اور ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے انٹریکشن ہوں، پاکستان ہمیشہ زندہ باد!