موجودہ نظام سے ٹکراتے اور شرم دلاتے رہیں گے: سلمان اکرم راجہ

Published On 24 June,2025 04:45 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ موجودہ نظام سے بہرحال ٹکراتے رہیں گے، ہم موجودہ نظام کو شرم دلاتے رہیں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ 25 مارچ کے بعد عمران خان نے میری صرف دو ملاقاتیں ہوئیں ہیں، ملاقاتیں نہ کرانا سوچی سمجھی منصوبہ بندی ہے، بانی کے بنیادی حقوق کا کسی کو کوئی پاس نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کا بھی کسی کوئی پاس نہیں، عدالتیں خود اپنے احکامات پر عمل کرانے سے گریزاں ہیں، جیل قانون، انتظامیہ کا رویہ اور عدلیہ کا کردار سب کے سامنے ہے، جن کیسز میں بانی پی ٹی آئی کا وکیل ہوں ،ان کیسز میں بھی مجھے پیش نہیں ہونے دیا جاتا۔

سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ لاہور میں بانی کی نو مئی کے کیسز میں ضمانت منسوخ ہونے پر افسوس ہے، ہم سپریم کورٹ جائیں گے، اسی نظام سے بہرحال ٹکراتے رہیں گے، ہم موجودہ نظام کو شرم دلاتے رہیں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کے پی بجٹ 23 تاریخ کو پاس کرنا ضروری نہیں تھا، آج امکان تھا بانی سے کوئی واضح ہدایات مل جاتیں، جب تک ممکن تھا ہم بجٹ روک سکتے تھے، 30 جون تک ہمارے پاس وقت تھا تب تک بانی کی ہدایات بھی آجاتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ممکن تھا وفاقی حکومت فنانشل ایمرجنسی کا نفاذ کرتی، کے پی حکومت کے خاتمے کے نتیجے میں بانی کی کوئی ہدایات نہیں تھیں، ہم سمجھتے ہیں بجٹ پر ہمیں مشاورت جاری رکھنی چاہیے تھی۔

سیکرٹری جنرل تحریک انصاف نے مزید کہا  کہ پارٹی میں سوالات اٹھے ہیں، بجٹ کیوں 23 تاریخ کو پیش ہوا ہے؟ سیاسی کمیٹی کا فیصلہ تھا جتنا ممکن ہوسکے 30 تاریخ تک مشاورت ہونی چاہیے، کے پی اسمبلی نے جو کیا وہ بظاہر لگتا ہے عجلت میں کیا گیا۔