چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا دورہ آسٹریلیا

Published On 27 June,2025 04:50 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا آسٹریلیا کا دورہ کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے دورہ کے دوران سالانہ دفاعی و سکیورٹی مذاکرات کے 14ویں اجلاس میں شرکت کی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی آسٹریلیا کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ایڈمرل ڈیوڈ جانتھن، چیف آف ڈیفنس فورسز، اینڈریو شیئرر، ڈائریکٹر جنرل آفس آف نیشنل انٹیلی جنس، لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹیوارٹ، چیف آف آسٹ ریلین آرمی اور جیما ہیگنز، سفیر برائے انسدادِ دہشت گردی، محکمہ خارجہ و تجارت سے ملاقاتیں ہوئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دفاعی و سیکیورٹی مذاکرات کا مقصد باہمی تفہیم کو مضبوط بنانا اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دونوں فریقین نے وسیع تر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔