سیاسی منظر نامے میں تبدیلی متوقع، وزیر اعظم اچانک چودھری نثار کو ملنے پہنچ گئے

Published On 29 June,2025 04:22 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) )ملکی سیاست میں اہم پیش رفت کا امکان ہے، وزیراعظم شہباز شریف ناراض لیگی رہنما اور سابق وزیرداخلہ چودھری نثار سے ملاقات کے لیے ان کی رہائشگاہ پہنچ گئے۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے، دونوں رہنما ملکی سیاسی صورتحال اور اہم امور پر غور کررہے ہیں۔

اس سے قبل ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف چودھری نثار کو منانے کی کوشش کریں گے، واضح رہے کہ پارٹی سےناراض چودھری نثار طویل عرصے سے سیاست سے کنارہ کش ہیں، ملاقات کے موقع پر وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال ستمبر میں چودھری نثار علی خان کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی تھی اور بہن کے انتقال پر تعزیت کی تھی۔

واضح رہے چودھری نثار علی خان جو کبھی مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما تھے، 34 سال سے زائد عرصے تک پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد 2018 میں جماعت سے الگ ہوگئے تھے۔

اس وقت چودھری نثار علی خان نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنے ضمیر کے مطابق کیا، میں طویل عرصے سے مسلم لیگ (ن) کا حصہ ہوں، میں اقتدار کی نہیں، عزت کی سیاست کرتا ہوں۔

بعد ازاں انہوں نے 2018 کے انتخابات میں راولپنڈی کی 4 قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا اور دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت نے زیادہ تر ٹکٹ سیاسی یتیموں کو دیے۔