وزیراعظم سے چیئرمین نیب کی ملاقات، دوسالہ کارکردگی رپورٹ پیش

Published On 24 June,2025 06:51 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین قومی احتساب بیورو لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ نے ملاقات کی۔

چیئرمین نیب نے وزیراعظم کو قومی احتساب بیورو کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ برائے سال 2023- 2024 پیش کی، رپورٹ میں قومی احتساب بیورو کے ہیڈ کوارٹرز اور علاقائی دفاتر کی ریکوریز اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلات شامل ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کے حوالے سے قومی احتساب بیورو کے کردار کی پذیرائی اور کرپشن و بد عنوانی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کرپشن سے پاک پاکستان کے ویژن کی تکمیل کے لیے نیب کو تمام ضروری سہولیات دی جائیں گی۔

انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نیب مالیاتی فراڈ کے متاثرین کی مدد کرنے اور ان کی رقوم کی واپسی اور مقدمات جلد از جلد نمٹانے کے لیے اقدامات کو یقینی بنائے۔

چیئرمین نیب نے وزیراعظم کو بتایا کہ نیب نے گزشتہ دو سالوں میں اربوں روپے کی خرد برد کی گئی رقوم کی ریکوری کی، سیکڑوں ایکڑ سرکاری اراضی غیر قانونی قبضے سے بازیاب کرائی جس کی مالیت اربوں روپے ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سال 2023-2024 کے دوران نیب نے 700 انکوائریاں مکمل کیں اور 218 تحقیقات مکمل کیں جبکہ 21 نئے ریفرنس دائر کیے جارہے ہیں، ملاقات میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔