وزیراعظم نے چینی کے معاملے پر اہم اجلاس آج طلب کر لیا

Published On 20 June,2025 12:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کے معاملے پر اجلاس آج طلب کر لیا۔

حکومت نے چینی کے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے آج اہم اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی روک تھام سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی روک تھام کیلئے کریک ڈاؤن کی منظوری دی تھی، شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں، مصنوعی اضافے اور کارٹلائزیشن میں ملوث عناصر کیخلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

ذرائع کے مطابق ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف چھاپے، گرفتاریاں اور دیگر سخت اقدامات کئے جائیں گے جس کیلئے ایف آئی اے، آئی بی، ایف بی آر اور سٹیٹ یینک سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو مکمل اختیارات تفویض کر دیئے گئے ہیں۔