اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کیش لیس اکانومی اور ڈیجیٹل معیشت کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا۔
ملک میں معیشت کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور کیش لیس اکانومی کی جانب پیش رفت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی، جس کی سربراہی وہ خود کریں گے، کمیٹی ہر ہفتے معیشت کو ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لے گی۔
وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں اس سلسلے میں کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور رقوم کی منتقلی کیلئے تاجروں کو واضح ہدایات جاری کی جا چکی ہیں جبکہ عوامی سطح پر بھی کیش لیس لین دین کو فروغ دینے کیلئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں، وزارتِ خزانہ اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے اس ضمن میں ہونے والی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی ڈیجیٹائزیشن حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پالیسی اقدامات سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور غیر رسمی معیشت کے خاتمے و مالی نظام میں شفافیت لانے کیلئے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور خریداری کو اپنانا ناگزیر ہے۔
شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران شفاف اور مؤثر انداز میں حقداروں کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے امدادی رقوم کی منتقلی کو حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیا، جس سے نہ صرف شفافیت ممکن ہوئی بلکہ انسانی مداخلت کے بغیر مستحقین کو ان کا حق ملا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت میں بہتری کے باعث مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے، ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا ہے اور سٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے، حکومت کی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے اور یہ مثبت اشاریے ملک کی سمت درست ہونے کا ثبوت ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد چیمہ، محمد اورنگزیب، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔