اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی شعبے کی تربیت اور پاکستان میں تربیتی پروگرامز کے ایکوسسٹم (ماحول) کو بہتر بنانے سے متعلق تمام اقدامات کی مدت کا تعین کر کے انہیں جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے کی تربیت اور پاکستان میں تربیتی پروگرامز کے ایکوسسٹم کو بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں آئی ٹی شعبے کی جدید تربیت کیلئے نظام کی تشکیل و اجراء پر تیزی سے کام جاری ہے جس کیلئے کنسلٹنسی فرمز کی خدمات کے حصول کے حوالے سے ٹرمز آف ریفرنسز حتمی مراحل میں ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ہواوے کے تعاون سے اب تک 20 ہزار طلباء و طالبات کو آئی ٹی شعبے کی جدید تربیت فراہم کی جا چکی ہے اور حال ہی میں گزشتہ برس تربیت یافتہ پاکستانی طلباء و طالبات نے نہ صرف پورے چین بلکہ عالمی سطح پر آئی ٹی کے تین شعبہ جات میں پہلی تین پوزیشن جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
ان مقابلوں میں دنیا بھر سے 2 لاکھ امیدوار شامل تھے، وزیرِ اعظم نے مقابلے میں کامیاب ہو کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے والے طلباء و طالبات کی پذیرائی کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور ہواوے کے اشتراک سے مزید 80 ہزار طلباء و طالبات کو آئی ٹی تربیت کی فراہمی کے ہدف کے حصول کیلئے اقدامات جاری ہیں جن میں نہ صرف بڑے شہروں بلکہ بلوچستان سمیت دور دراز علاقوں بشمول تربت میں بھی آن لائن کلاسز فراہم جائیں گی، ٹرینرز کو جدید ٹیکنالوجی اور عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کورسز کی تربیت کیلئے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں 50 ہزار ٹرینرز کی تربیت کا ہدف رکھا گیا ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تربیتی پروگرام کی بیچلرز پروگرامز میں شمولیت اور مصنوعی ذہانت کے پروگرامز کے اجراء سے 3 لاکھ طلبہ کو آئی ٹی شعبے کی تربیت فراہم کرنے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ رواں موسم گرما کی تعطیلات میں 1 لاکھ 46 ہزار بچوں کو وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ہواوے کے اشتراک سے آئی ٹی کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت جلد 2 ہزار طلباء و طالبات کو آئی ٹی کے جدید کورسز کی تربیت دے کر روزگار کے قابل بنایا جائے گا۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ پاکستان کے نوجوان آئی ٹی کے میدان میں عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا سکیں، یہ اقدام ملک کی ڈیجیٹل ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی کے جدید تربیتی پروگرامز سے مقامی سطح پر تبدیلی کیلئے نوجوانوں کو تیار کیا جائے، آئی ٹی کی ایسی تربیت فراہم کی جائے جس سے نوجوانوں کیلئے روزگار یقینی ہو، پائیدار اور جدید آئی ٹی نظام سے پاکستان خطے میں مرکز بن کر ابھرے گا، مقامی کمپنیوں کو آئی ٹی شعبے کی بااختیار افرادی قوت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔