فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ یوم عاشور پر پورے ملک میں مذہبی ہم آہنگی نظر آ رہی ہے، فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر سے لاتعلقی اختیار کریں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یوم عاشور قربانی کے جذبے کو سلام کرنے کا دن ہے، پنجاب حکومت نے جلوسوں اور مجالسی کی سکیورٹی کیلئے بھرپور انتظامات کئے ہیں، محرم الحرام پر امن وامان کیلئے ہر ایک کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار سائبر پٹرولنگ فورس کو متحرک کیا گیا، پنجاب کی پوری انتظامیہ محرم کے دوران متحرک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محرم میں امن وامان اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے، محرم کیلئے صفائی کے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے روٹ پر ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگائی گئی ہیں، انتظامات دیکھنے کیلئے مختلف اضلاع کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ کیلئے نیک خواہشات کے پیغامات ملے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض، نفرت انگیز مواد کی مانیٹرنگ جاری ہے، سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد شیئر کرنے پر متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، نفرت انگیز مواد پھیلانے والی 417 ویب سائٹ کو بلاک کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حفاظتی اقدامات کسی کو دکھانے کیلئے نہیں ہیں، پورے ملک میں مذہبی ہم آہنگی نظر آ رہی ہے، ہمیں ایک دوسرے کے مسلک کا احترام کرنا ہے، فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر سے لاتعلقی اختیار کریں۔