باجوڑ میں فائرنگ سے اے این پی رہنما مولانا خان زیب ساتھی سمیت جاں بحق

Published On 10 July,2025 05:48 pm

باجوڑ: (دنیا نیوز) تحصیل خار ہیڈ کوارٹر باجوڑ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما مولانا خان زیب سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق مولانا خان زیب باجوڑ میں 13 جولائی کو ہونے والے امن مارچ کے حوالے سے مہم چلا رہے تھے کہ شنڈئی موڑ میں نامعلوم افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے مولانا خان زیب اور پولیس اہلکار شیر زادہ موقع پر شہید ہو گئے جبکہ تین ساتھی شدید زخمی ہو گئے۔

فائرنگ سے زخمیوں میں ڈاکٹر طارق، شاہ سوار اور عثمان شامل ہیں، مولانا خان زیب کی نماز جنازہ آج 11 جولائی بروز جمعہ دن 11 بجے آبائی علاقہ ناوگئی میں ادا کی جائیگی۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا واقعے کا نوٹس، رپورٹ طلب کرلی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرتے ہوئے فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کارروائی عمل میں لانے کا حکم دے دیا۔

علی امین گنڈا پور نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا، سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، واقعے میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔

گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی کی شدید مذمت

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اے این پی رہنما مولانا خان زیب کو فائرنگ کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے مولانا خان زیب سمیت دو افراد کے جاں بحق ہونے پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، المناک واقعہ پر اے این پی قیادت و کارکنوں اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔

ریاست کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں گے، ایمل ولی خان

صدر اے این پی سینیٹر ایمل ولی خان نے مولانا خان زیب کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی اس واقعے پر ریاست کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے اس واقعے میں ملوث ہیں کیونکہ انہوں نے مجرمانہ طور پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، مولانا خان زیب کے بڑے بھائی شیخ جہانزادہ سے مشاورت کے بعد ان کے قتل کی ایف آئی آر ریاست کے خلاف درج کرائی جائے گی۔

اے این پی کا کے پی کے میں تین روزہ سوگ کا اعلان

اے این پی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے واقعے کی شدید مذمت کی اور ایکس پر شیئر کردہ اپنے بیان میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ یہ حملہ صرف اے این پی پر نہیں بلکہ پشتون شعور اور امن اور مزاحمتی سیاست پر بھی حملہ ہے۔

میاں افتخار حسین نے مزید کہا کہ اے این پی خیبر پختونخوا کی تنظیم صوبے میں 3 روزہ سوگ منائے گی، اس دوران تمام سرگرمیاں معطل اور سرنگوں پارٹی پرچم کے ساتھ سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔