چارسدہ:(دنیا نیوز) اے این پی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ہمیں12سال حکومت سے باہر رکھا، ہمیں کمزور کرنے والے ناکام ہو ئے ہیں۔
چارسدہ میں باچا خان اور ولی خان کی برسی کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ 1948 میں بابڑہ کے مقام پر ہمارے 600 سے زیادہ کارکنان شہید ہوئے تھے، ہمیں اپنے کارکنان پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارہ سال سے ہمیں حکومت سے باہر رکھا جا رہا ہے، ہمیں کمزور کرنے والے ناکام ہو ئے ہیں، ہم عدم تشدد کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ہم جانتے ہیں گھی نکالنے کیلئے انگلی ٹیڑھی کرنی پڑتی ہے۔
مرکزی صدر اے این پی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے منتخب اراکین اسمبلی عوام سے دور بھاگتے ہیں، نو مئی کے فیصلوں سے ان کو بہت تکلیف ہوگی، آج حقیقت سننے کو کوئی تیار نہیں۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پختونخوا کے نو حلقے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، میرا مطالبہ ہے چارسدہ کے حلقے بھی کھولے جائیں، ہمیں تین بار ہرایا گیا، یہ نہیں ہو سکتا جہاں سے جیتے خیر ہے جہاں ہار ہو وہ حلقے کھولے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلی بار اگر ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا تو پھر پاکستان نہیں چلے گا، کسی کو اچھا لگے یا برا کرک میں جلسہ کروں گا۔