پی ٹی آئی نے پختونخوا میں دہشتگردوں کو دوبارہ مسلط کیا: امیرحیدر ہوتی

Published On 21 January,2025 10:36 pm

پشاور:(دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما امیر حیدر خان ہوتی نےکہا ہےکہ پی ٹی آئی نے پختونخوا میں مذاکرات کے نام پر دہشتگردوں کو دوبارہ مسلط کیا۔

صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدرخان ہوتی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کہتے تھےکہ ملک کو امریکی غلامی سے آزاد کرائیں گے، اب ٹرمپ بانی پی ٹی آئی کو آزاد کریں گے اور پھر عمران خان ہمیں امریکی غلامی سے آزاد کرائیں گے۔

انہوں  نے کہا کہ 11سالوں سے ہمارے صوبے میں ایک مخصوص پارٹی کے حوالے حکومت ہے، وزیرستان، کُرم، مہمند اور باجوڑ میں ایک بار پھر آگ لگی ہوئی ہے، کُرم میں آگ لگی ہوئی تھی لیکن وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کُرم جانے کے بجائے اسلام آباد چلے گئے۔

رہنما اے این پی کا کہنا  تھا  کہ صوبائی حکومت نے مذاکرات کے نام پر دوبارہ دہشت گردوں کو پختونوں پر مسلط کردیا ہے، حکومت خود دہشت گردوں کے ساتھ رابطے کرتی ہے اور انہیں بھتہ بھی دیتی ہے۔

امیر حیدر ہوتی نے مزید کہا کہ میں صوبے پر مسلط حکومت سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ اس پر کیوں خاموش ہیں؟ آپ عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکے ہو۔