پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ صدر اسفندیار ولی خان نے ممبر صوبائی اسمبلی شفیع جان کو ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔
سربراہ عوامی نیشنل پارٹی نے شفیع جان کو 100 ملین ہرجانے کا نوٹس بھیجا، اسفندیار ولی خان نے نوٹس طارق افغان ایڈووکیٹ کی وساطت سے بھیجا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے ممبر صوبائی اسمبلی شفیع جان نے 22 اگست کو اسمبلی فلور پر تقریر کے دوران اسفندیار ولی خان پر بے جا الزامات لگائے۔
شفیع جان نے اپنی تقریر میں اسفندیار ولی خان پر پختونوں کے سر پر ڈالر لینے کا الزام لگایا، شفیع جان نے اسمبلی تقریر کی ویڈیو اپنے ذاتی فیس بک پیج پر شیئر کی۔
بے جا اور سنگین الزامات سے میرے موکل کی دل آزاری ہوئی ہے، اس سے پہلے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے بھی اسی طرح کے الزامات لگائے تھے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شوکت یوسفزئی الزامات ثابت نہ کرسکے اور کیس ان کے خلاف ڈگری ہوا۔
شفیع جان 15 دن کے اندر معافی مانگیں اور ویڈیو فیس بک پیج سے ڈیلیٹ کرلیں، معافی نہیں مانگی تو قانون کے مطابق کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔