خیبر پختونخوا میں سیلاب، ایمل ولی خان کا امن مارچ موخر کرنے کا اعلان

Published On 17 August,2025 08:07 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بدترین سیلاب کی وجہ سے امن مارچ کو فی الحال موخر کر رہے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں کل جماعتی کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے لیے فوری امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی جبری واپسی کی مذمت کرتے ہیں، اٹھارہویں ترمیم پرعمل درآمد کیوں نہیں ہورہا؟ وفاق خیبرپختونخوا اور بلوچستان کےساتھ اپنا رویہ تبدیل کرے۔

صدر اے این پی کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات پریقین رکھنےوالےلوگ ہیں لیکن ہمیں سننےوالا کوئی نہیں، امید ہےتمام جماعتیں ملکرمذاکرات سےمسائل کا حل نکالیں گی۔

ایمل ولی خان کا مزید کہنا تھا کہ جی ڈے اے، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے قائدین کو بھی مدعو کیا تھا، 19 سیاسی جماعتوں کے قائدین آل پارٹیز کانفرنس میں شریک ہوئے ہیں، بیرسٹر گوہر نے اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کروائی، معلوم نہیں کیوں نہیں آئے۔