پی ٹی آئی کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا: اسد عمر

Published On 25 July,2025 09:33 am

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف والوں کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں بچا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لوگوں کو سزائیں ہو رہی ہیں، جن لوگوں کو سزائیں ہوئی ہیں، میں ان سب کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، جب یہ تمام لوگ اوپر عدالت میں جائیں گے تو انصاف ملے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں یہ تمام لوگ تشدد کی سیاست کرنے پر یقین نہیں رکھتے، میری وہی پرانی بات ہے کہ سیاست کے ذریعے مسئلے کا حل کیا جائے، تحریک انصاف والوں سے اس وقت کیا کہا جا سکتا ہے، ان کو تو سزائیں ہو رہی ہیں میری ہمدردی تمام لوگوں کے ساتھ ہے۔

شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں نو مئی جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نزر آتش سمیت دیگر مقدمات میں سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی درخواست برائے عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے اسد عمر کی عبوری ضمانت مین 19 ستمبر تک توسیع کر دی، اعظم خان سواتی کی پانچ مقدمات میں عبوری ضمانت میں 19 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور اعظم خان سواتی حاضری کیلئے عدالت میں پیش ہوئے، انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر دلائل طلب کر لیے۔

واضح رہے کہ اسد عمر نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش مقدمات میں عبوری ضمانت دائر کی جبکہ اعظم خان سواتی نے جناح ہاؤس حملہ اور عسکری ٹاور حملہ سمیت دیگر مقدمات مین عبوری ضمانت دائر کر رکھی ہے۔

علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں شاہ محمود قریشی کی بھی عبوری ضمانت میں 19 ستمبر تک توسیع کر دی۔