پی ٹی آئی کے سینئر رہنما راجہ بشارت گرفتار، کچھ دیر بعد رہا

Published On 24 July,2025 02:01 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کو حراست میں لینے کے کچھ دیر بعد رہا کر دیا۔

راجہ بشارت اپنے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ہمراہ الیکشن پیٹشن کی سماعت کیلئے الیکشن ٹریبونل این اے 55 کیس میں پیش تھے، ٹریبونل سے باہر نکلتے پی پولیس نے ان کی گاڑی کا گھیراؤ کرلیا۔

بعد ازاں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت کو حراست میں لے کر گاڑی سمیت تھانہ نیوٹاؤن منتقل کر دیا۔

راجا بشارت نے کہا کہ تمام مقدمات میں ضمانت کنفرم ہے، اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں، جبکہ ان کے وکیل سردار عبد الرازق کا کہنا تھا کہ راجہ بشارت تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں، ہم نے پولیس کو تمام ضمانت نامے دکھائے مگر پولیس نے گرفتار کر لیا۔

بعد ازاں وکیل سردار عبدالرزاق خان نے بتایا کہ راجہ بشارت کو تھانہ نیو ٹاون سے رہا کر دیا گیا ہے، ضمانتی دستاویزات کی تصدیق کے بعد پولیس نے راجہ بشارت کو رہا کیا ہے۔