لاہور: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حماد اظہر نے ممکنہ گرفتاری کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حماد اظہر نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ قریبی افراد کے مشورے کے بعد کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں حماد اظہر نے لکھا کہ اپنی اور اپنے خاندان کی طرف سے ان ہزاروں ساتھیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے والد کے جنازے میں اور قرآن خوانی میں شرکت کی اور ان لاکھوں افراد کا بھی جنھوں نے افسوس کے پیغامات بھجوائے اور ان کی مغفرت کیلئے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین جنہوں نے ان کی یاد میں بہترین الفاظ کہے، میرے والد میاں اظہر مرحوم کے لئے دعا کی، ہم ان کے بھی مشکور ہیں۔
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) July 25, 2025
رہنما تحریک انصاف نے لکھا کہ میرے والد کی میراث شرافت، ایمانداری اور وضع داری ہے جو صرف میرے لئے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے سیاسی کلچر کیلئے ایک اثاثہ اور شاندار روایت ہے، اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا، تین بہنوں کا بھائی اور دو کم سن بچوں کا باپ ہوں، مجھ سے زیادہ تکلیف اور دکھ میرے گھر والوں نے دو سال سے زائد عرصہ تک برداشت کی۔
حماد اظہر نے مزید لکھا کہ ظاہر ہے کہ میں اس دکھ کی گھڑی میں اپنے گھر والوں، خصوصی طور پر اپنی والدہ کے ساتھ اب موجود رہنے کی خواہش رکھتا ہوں، میں بے گناہ ہوں اور جعلی پرچوں کا نشانہ ہوں جن کا کوئی سر پیر نہیں، اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کروں گا اور انصاف طلب کروں گا، مل گیا تو اللہ کا شکر ادا کروں گا اور نا ملا تو استقامت اور صبر سے مزید جبر برداشت کروں گا، بے شک اللہ صابرین کا ساتھ دینے والا ہے۔
واضح رہے کہ حماد اظہر تقریباً دو سال سے روپوش تھے اور حال ہی میں اپنے والد، سینئر سیاستدان اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کی وفات پر منظرِ عام پر آئے ہیں۔