یوم آزادی کی مناسبت سے آئی ایس پی آر کا نیا ملی نغمہ 'دل سے پاکستان' جاری

Published On 02 August,2025 11:13 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) یوم آزادی کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جوش و جذبے سے بھرپور نیا ملی نغمہ "دل سے پاکستان" جاری کر دیا، نغمہ قوم کے جذبہ حب الوطنی، اتحاد اور وطن کی حفاظت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ نغمہ معرکۂ حق میں عظیم فتح کی یادگار کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور اس میں وطن کے لیے جان نثار کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو سنہری الفاظ میں سراہا گیا ہے۔

نغمے میں بھارت کے خلاف تاریخی معرکوں میں کامیابی اور قوم کی استقامت کو جوش و خروش سے پیش کیا گیا ہے، جبکہ وطن کی بقاء، خودمختاری اور سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار بھی شامل ہے۔

"دل سے پاکستان" کے ذریعے مادرِ وطن کے محافظ، افواجِ پاکستان کے جذبے، کردار اور قربانیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، نغمہ قومی یکجہتی، ترقی اور استحکام کے نئے عہد کی تجدید کا مظہر بھی ہے۔

یاد رہے کہ ہر سال آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے جانے والے ملی نغمے نہ صرف عوام میں جوش و ولولہ پیدا کرتے ہیں بلکہ نوجوان نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو بھی فروغ دیتے ہیں۔