اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان وزارت دفاع کے مطابق ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل عزیز ناصر زادہ نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول علاقائی سلامتی، انسداد دہشت گردی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، فریقین نے دفاعی تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان وزارت دفاع کے مطابق دونوں وزرا نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا، وزیر دفاع خواجہ آصف نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دفاعی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
ایرانی وزیر دفاع نے پُرتپاک استقبال پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا، ایرانی وزیر نے باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور اعتماد پر مبنی مضبوط دفاعی تعلقات استوار کرنے کی ایران کی خواہش کا اعادہ کیا۔
ترجمان وزارت دفاع کے مطابق ملاقات مثبت انداز میں اختتام پذیر ہوئی، دونوں وزرائے دفاع نے پاکستان اور ایران کے دفاعی تعلقات کی مضبوطی، خطے کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کا عہد کیا۔