تہران: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی، اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، اسی مقصد کے لیے دورہ کر رہے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان روانگی سے قبل کہا کہ دورے کے دوران سرحدی سلامتی، علاقائی امن کے امور زیرِ بحث آئیں گے، سرحدی منڈیاں اور رابطے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ وہ پاکستان اور چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں فعال شرکت کے خواہاں ہیں جس سے ایران کو یورپ سے جوڑنے کا موقع مل سکتا ہے۔
مسعود پزشکیان نے یہ بھی کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچے، پاک ایران اسلامی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی وزارت خارجہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق ایرانی صدر کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی آ رہا ہے، جس میں ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، دیگر سینئر وزرا اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان دورے کا آغاز لاہور سے کریں گے، ایرانی صدر کا لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ ان کا استقبال کریں گے، وہ بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ دیکھیں گے، مزارِ اقبال پر حاضری دیں گے، جس کے بعد وہ اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر مسعود پزشکیاں کا بطور ایرانی صدر یہ پہلا سرکاری دورہ پاکستان ہے، اسرائیلی جارحیت کے بعد یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے، اس سے قبل شہباز شریف نے رواں برس 26 مئی کو ایران کا دورہ کیا تھا، یہ دورہ پاکستان اور ایران کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔