’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ حج درخواستوں کی وصولی کل شروع ہوگی

Published On 03 August,2025 01:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2026 کے لیے درخواستوں کی وصولی کل 4 اگست سے شروع ہو جائے گی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ نامزد بینکوں اور آن لائن پورٹل کے ذریعے حج درخواستیں جمع کروانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے، حج درخواستیں "پہلے آئیے، پہلے پائیے" کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی۔

رجسٹرڈ افراد سے حج واجبات کی پہلی قسط 4 تا 9 اگست وصول کی جائے گی جبکہ نشستیں دستیاب ہونے کی صورت میں نئے عازمین 11 تا 16 اگست اپلائی کر سکیں گے، نشستیں مکمل ہوتے ہی حج واجبات کی وصولی روک دی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق حج 2026 پیکیج ساڑھے گیارہ لاکھ تا ساڑھے بارہ لاکھ روپے کے درمیان ہو گا، جس میں قربانی (دم شکر) شامل ہے، دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی۔

وزارت مذہبی امور نے دوبارہ حج کرنے اور عمر کی بالائی حد کی پابندی ختم کر دی ہے، تاہم یکم مارچ 2014 کے بعد پیدا ہونے والے بچے اپلائی نہیں کر سکتے۔