حج 2026 کے لیے عازمین کی رجسٹریشن شروع

Published On 27 June,2025 11:16 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج 2026 کے لیے عازمین کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے جو 9 جولائی تک جاری رہے گی۔

وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج رجسٹریشن کے لیے کوئی فیس ادا نہیں کرنی ہو گی، حج 2026 کے لیے قبل از وقت رجسٹریشن کرانا لازمی ہے، سرکاری اور نجی دونوں سکیموں کے لیے عازمین حج کی رجسٹریشن کرانا لازمی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی رجسٹریشن کرانا لازمی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق رجسٹریشن کروانے والے درخواست گزار ہی حج 2026 کے اہل تصور ہوں گے، حج رجسٹریشن ملک بھر میں منظور شدہ 15 بینکوں سے کرائی جا سکتی ہے۔

حج رجسٹریشن کے بعد عازمین سرکاری یا نجی حج سکیم منتخب کر سکیں گے، رواں برس پرائیویٹ سکیم سے رہ جانے والے عازمین کے لیے بھی رجسٹریشن لازمی ہوگی۔

وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج 2026 کے اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط حج پالیسی کے مطابق الگ سے جاری کیے جائیں گے، حج رجسٹریشن سعودی عرب کی ہدایت پر کی جا رہی ہے، حج رجسٹریشن کے اعداد و شمار سے سعودی حکومت کو آگاہ کیا جائے گا، رجسٹریشن کی بنیاد پر حکومت سعودی عرب حج کوٹہ مقرر کرے گی۔