جدہ: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے دنیا بھر سے حج بیت اللہ کے لیے آئی ہوئی حکومتی شخصیات کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔
ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں پاکستان سے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے شرکت کی۔
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
ایاز صادق نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی قیادت کے پاکستان سے متعلق واضح مؤقف پرشکرگزارہیں، پاکستان کے عوام خادم الحرمین الشریفین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، توقع ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اس موقع پر محمد بن سلمان نے عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لیے وحدت اور اتحاد سے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا، ظہرانے سے مفتی اعظم فلسطین اور وزیر اوقاف شام نے بھی خطاب کیا ۔