ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں غیر قانی حج آپریشن چلانے پر شہری کو ایک سال کی سزا سنا دی گئی۔
مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں ایک شہری کو سوشل میڈیا کے ذریعے دھوکا دہی کے تحت پیسے بٹورنے کے لئے غیرقانونی حج آپریشن قائم کرنے کی پاداش میں ایک سال کے لئے جیل بھیج دیا گیا۔
پبلک پراسیکیوشن نے ملزم کو مجرمانہ کام سے جڑی رسیدیں رکھنے پر کریمنل کورٹ میں پیش کیا، عدالت نے ابتدائی فیصلے میں ملزم کو ایک سال قید اور 10 ہزار ریال کا جرمانہ عائد کیا اور مجرمانہ کارروائی میں استعمال ہونے والی ڈیوائسز اور دیگر آلات بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔
استغاثہ نے کہا کہ جعلی حج آپریشن قائم کرنا سنگین جرم اوراس کی سزا قید ہے اور حج سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
اسی طرح حج سکیورٹی فورسز نے 36 ایسے افراد کو گرفتار کرلیا ہے جو درست اجازت نامے کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے اور انہیں متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا۔