حجاج کرام کی سلامتی کیلئے سعودی شاہی فضائیہ کی مقدس مقامات کی فضائی نگرانی

Published On 06 June,2025 04:07 am

عرفات (ویب ڈیسک) حجاج کرام کی سلامتی کیلئے سعودی شاہی فضائیہ نے مقدس مقامات کی فضائی نگرانی جاری رکھی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حج کے مقدس موقع پر حجاج کرام کی سلامتی اور سہولت کو یقینی بنانے کے لئے سعودی عرب کی شاہی فضائیہ (RSAF) نے مقدس مقامات پر فضائی نگرانی اور امدادی آپریشنز کا سلسلہ مؤثر انداز میں جاری رکھا ہوا ہے۔

وزارت دفاع کی زیرنگرانی جامع منصوبے کے تحت یہ کارروائیاں عسکری، سکیورٹی اور سول اداروں کے اشتراک سے انجام دی جا رہی ہیں۔

فضائیہ کے حج مشن گروپ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سلمان بن علی القحطانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہی فضائیہ کی شمولیت وزارتِ دفاع کی ان منظم کوششوں کا حصہ ہے جو حج کے دوران اعلیٰ معیار کی سلامتی فراہم کرنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط انداز میں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی فضائیہ کا یہ کردار ناصرف سلامتی کی ضمانت فراہم کرتا ہے بلکہ مملکت کے اس عزم کا مظہر بھی ہے جو حج کو ایک محفوظ، منظم اور روحانی تجربہ بنانے کے لئے ہر سطح پر جدید ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کو بروئے کار لا رہا ہے۔