پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر الیکشن کے نتائج سامنے آ گئے، حکومت اور اپوزیشن کا 5 اور 6 کا فارمولا کام کر گیا ہے۔
پیپلزپارٹی
ابتدائی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق خواتین کی نشست پر پیپلزپارٹی کی روبینہ خالد، اور جنرل نشست پر طلحہ محمود کامیاب قرار پائے۔
آزاد امیدوار
خواتین کی نشست پر آزاد امیدوار روبینہ ناز جب کے جنرل نشستوں پر آزاد امیدوار مراد سعید ، فیصل جاوید ، نورالحق قادی ، مرزا آفریدی اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم سواتی کامیاب ہو گئے۔
جے یو آئی
اسی طرح جے یو آئی ف کی جنرل نشست پر عطاء الحق درویش اور ٹیکنو کریٹ کی نشست پردلاور خان کامیاب قرار پائے۔
مسلم لیگ ن
مسلم لیگ ن کے نیاز احمد کامیاب ہو کر سینیٹرز منتحب ہو گئے۔
خیال رہے حکومت اور اپوزیشن میں طے شدہ فارمولے کے مطابق حکومت کے 6 اور اپوزیشن کے5سینیٹرز منتخب ہو چکےہیں۔
قبل ازیں سینیٹ کی 11 نشستوں کے لیے 145 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے، آخری ووٹ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اسمبلی علی امین گنڈا پور کا کاسٹ ہوا،دن بھر پولنگ کا عمل سست مگر پرامن طور پر جاری رہا،الیکشن کے لیے کے پی اسمبلی کے جرگہ ہال کو الیکشن روم مقرر کیا گیا تھا اور سینیٹ الیکشن کے لیے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔
واضح رہے کے پی اسمبلی میں حکومتی ارکان کی تعداد 92 جبکہ اپوزیشن کی تعداد 53 ہے، جنرل، ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی نشستوں پر 12 آزاد امیدوار بھی میدان میں تھے جبکہ جنرل نشست پر ایک سینیٹر منتخب کرنے کے لیے 19 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔