خیبرپختونخوا اسمبلی: مخصوص نشستوں پر حلف نہ ہونے سے سینیٹ الیکشن خطرے میں پڑ گیا

Published On 20 July,2025 01:20 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کی حلف برداری نہ ہونے سے کل ہونے والا سینیٹ الیکشن خطرے میں پڑ گیا۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر الیکشن کل ہونا ہے، تاہم اس کیلئے ایوان کا مکمل ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اور پولنگ عملہ کل خیبرپختونخوا اسمبلی پہنچے گا اور وہاں کی صورتحال کو دیکھ کر ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ چونکہ انتخابی شیڈول جاری ہو چکا ہے، اس لئے وہ اس پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں آج مخصوص نشستوں پر حلف برداری کی کوشش ایک بار پھر ناکام بنا دی گئی ہے، اجلاس تقریباً ڈھائی گھنٹے تاخیر کے بعد شروع ہوا تو فوراً کورم کی نشاندہی کر دی گئی، جس کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے حلف برداری سے بچنے کی حکمت عملی کے تحت کورم کی نشاندہی کرائی، پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے پہلے ہی اسمبلی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

حکومتی بنچوں پر موجودگی نہ ہونے کے باعث ایوان خالی رہا، جس سے اجلاس غیر مؤثر ہوگیا۔

اس صورتحال پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا، ارکان نے نعرے بازی کی اور سپیکر کے ڈائس کے سامنے جمع ہو کر حلف برداری کا مطالبہ کرتے رہے، آخرکار اسمبلی اجلاس کو 24 جولائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

اس صورتحال کے پیش نظر سینیٹ انتخابات کا انعقاد غیر یقینی دکھائی دینے لگا ہے اور سیاسی بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔