وزیر اعلیٰ کے پی نے اراکین اسمبلی کو مشاورت کیلئے اتوار کو طلب کرلیا

Published On 19 July,2025 11:32 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اراکین اسمبلی کو اہم مشاورت کے لیے کل طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اور پارٹی کے کچھ قائدین کی خواہش ہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف نہ لیا جائے۔

اراکین کے حلف لینے کے عمل کو کس طرح منسوخ کیا جائے اس بارے اراکین اسمبلی کے ساتھ اہم مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کل دو اہم اجلاس طلب کر لئے، پہلا اجلاس صبح ساڑھے 10 جبکہ دوسرا شام ساڑھے 7 بجے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔

اجلاسوں میں موجودہ صورتحال، سینیٹ الیکشن اور دیگر معاملات پر بات چیت کی جائے گی، اجلاسوں میں تمام اراکین کو شرکت کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاسوں میں وزیر اعلیٰ اراکین کو اہم فیصلوں میں اعتماد میں لیں گے، وزیر اعلیٰ ناراض امیدواروں کی جانب سے بیانات دینے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی اراکین سے بات چیت کرینگے۔